لیڈز (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان کے خلاف لیڈز ٹیسٹ کے ہیرو جوز بٹلر اپنے بلے پر نازیبا الفاظ لکھ کر بیٹنگ کرتے رہے جس کا انکشاف امپائرز کو ہوا تو انہوں نے سرے سے نظرانداز کر دیا۔
معاملہ سوشل میڈیا پر گرم ہونے کے بعد آئی سی سی اور انگلش بورڈ نے انہیں تنبیہ کرتے ہوئے سکاٹ لینڈ کیخلاف سیریز میں بیٹ سے نازیبا الفاظ ہٹانے کی ہدایت کی ہے اور وہ الفاظ یہاں بیان کرنے کے قابل بھی نہیں ہیں۔
لیڈز ٹیسٹ میں پاکستان کے حسن علی نے شاداب خان کی گیند پر اس وقت ان کا کیچ ڈراپ کیا تھا جب وہ صرف چار کے انفرادی سکور پر کھیل رہے تھے اور پھر انہوں نے ناقابل شکست 80 رنز بناتے ہوئے ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا اور پاکستان کا سیریز جیتنے کا خواب چکنا چور کر دیا۔
جوز بٹلر کو سوشل میڈیا پر خوب تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے کہ وہ پاکستان کے خلاف سیریز میں اپنے بیٹ پر نازیبا الفاظ لکھ کر کھیلتے رہے اور میچ ریفری جیف کرو ان الفاظ کو نظر انداز کر گئے۔جوز بٹلر کو اس حرکت کی وجہ سے آئی سی سی کی جانب سے ممکنہ کارروائی کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔
جوز بٹلر نے دونوں ٹیسٹ میچوں میں پاکستان کیخلاف غیر معمولی بلے بازی کی اور دونوں ہی میچوں میں وہ بیٹ کے ہینڈل کے اوپر نازیبا الفاظ لکھ کر بیٹنگ کرتے رہے لیکن ناصرف پاکستانی ٹیم کے چھوٹے سے چھوٹے معاملے کو سکینڈل بنانے دینے والے برطانوی میڈیا نے اسے نظر انداز کیا بلکہ امپائرز نے بھی اس معاملے پر کچھ نہ کیا۔