مہمند: (سچ نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ جب تک جمہوری اور انسانی حقوق محفوظ نہیں، تب تک معاشی حقوق محفوظ نہیں ہو سکتے۔
مہمند میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے الزام عائد کیا کہ وزیراعظم سب کچھ ختم کرکے ون یونٹ قائم کرنا اور صوبوں کے حقوق چھیننا چاہتے ہیں۔ انسانی حقوق کی دھجیاں اڑائی جا رہی ہیں، معاشی حقوق پر ڈاکا ڈالا جا رہا ہے، ہر طبقے کا معاشی قتل ہو رہا ہے، یہ کس قسم کی تبدیلی ہے؟
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ نیا پاکستان عوام کے لیے عذاب بنا ہوا ہے۔ یہ عوام دشمن بجٹ ہے، حکمران عوام کا خون چوس رہے ہیں۔ روزگار نہ دے کر نوجوانوں کا معاشی قتل کیا جا رہا ہے۔ سبزی، پٹرول، ڈیزل، گیس، چینی اور روٹی مہنگی کر دی گئی ہے جبکہ تعلیم اور صحت کے بجٹ میں کٹوتی کی گئی۔
انہوں نے الزام عائد کیا کہ دھاندلی زدہ حکومت نے دھاندلی کرکے بجٹ پاس کروایا۔ اگر وزیراعظم سچے ہیں تو قبائلی علاقوں کا بجٹ بھی بڑھائیں۔