اسلام آباد: (سچ نیوز) اپوزیشن کی راہبر کمیٹی کی تشکیل مکمل کرتے ہوئے اس کا پہلا اجلاس بروز جمعہ مورخہ 5 جولائی کی صبح دس بجے طلب کر لیا گیا ہے۔
راہبر کمیٹی کا اجلاس جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کی جانب سے طلب کیا گیا ہے۔ اس اجلاس میں راہبر کمیٹی کے چیئرمین کے انتخاب پر مشاورت کی جائے گی۔ راہبر کمیٹی نئے چیئرمین سینیٹ کے نام پر مشاورت کرے گی اور 25 جولائی کو یوم سیاہ منانے کے پروگرام کو حتمی شکل دے گی۔
راہبر کمیٹی میں ن لیگ کی جانب سے شاہد خاقان عباسی اور احسن اقبال شامل ہیں جبکہ پیپلز پارٹی کی جانب سے یوسف رضا گیلانی اور نیئر بخاری کو شامل کیا گیا ہے۔
نیشنل پارٹی کے میر طاہر، اے این پی کے میاں افتخار ممبر ہوں گے۔ پختون خوا ملی عوامی پارٹی کے عثمان کاکڑ بھی کمیٹی کے رکن جبکہ جے یو آئی سے اکرم درانی اور جے یو پی کی جانب سے اویس نورانی ممبران میں شامل ہیں۔ جمعیت اہلحدیث سے رانا شفیق پسروری اور قومی وطن پارٹی کا رکن بھی شامل ہوگا۔