تہران(سچ نیوز) ایران کے پاسداران انقلاب کے اہلکاروں نے خلیج فارس کے پانیوں پر ایک اور غیر ملکی آئل ٹینکر اپنے قبضے میں لے لیا ہے۔بین الاقوامی میڈیا کے مطابق خلیجی پانیوں پر ایران نے ایک اور غیرملکی تیل بردار بحری جہاز کو تحویل میں لے لیا ہے، بحری جہاز میں موجود عملے کے 7ارکان کو بھی حراست میں لے لیا گیا ہے۔ایران کے سرکاری ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے پاسداران انقلاب کے کمانڈر رامیزان ضراہی نے بتایا کہ غیر ملکی تیل بردار بحری جہاز 7لاکھ لیٹر تیل غیر قانونی طور پر عرب ممالک میں سمگل کرنے جا رہا تھا۔آئل ٹینکرز میں سوار عملے کے ارکان کا تعلق مختلف ممالک سے ہے تاہم تیل بردار بحری جہاز کی ملکیت اور دیگر تفصیلات تاحال سامنے نہیں آسکی ہیں اور نہ ہی کوئی دعویدار سامنے آیا ہے۔واضح رہے کہ گزشتہ ماہ بھی ایرانی آئل ٹینکر کو جبرالٹر میں تحویل میں لینے کے جواب میں ایران نے بھی ایک برطانوی آئل ٹینکر کو قبضے میں لے لیا تھا۔