ممبئی (سچ نیوز) بالی ووڈ کے کنگ خان شاہ رخ خان آج (2 نومبر کو) اپنی 53 ویں سالگرہ منا رہے ہیں۔ کنگ خان کی سالگرہ کے موقع پر ان کی نئی فلم زیرو کا نیا پوسٹر جاری کردیا گیا ہے جبکہ ٹریلر بھی آج ہی ریلیز کیا جائے گا۔پٹھان گھرانے سے تعلق رکھنے والے شاہ رخ خان نے اپنے کیریئر کا آغاز ٹی وی ڈراموں سے کیا جس کے بعد انہوں نے فلمی صنعت میں قدم رکھا تو پھر پیچھے مڑ کر نہیں دیکھا ۔ ابتدائی دنوں میں مایا میم صاب جیسی فحش فلم میں کام کرنے والے شاہ رخ خان آج کنگ آف رومانس بن چکے ہیں جنہوں نے فلموں میں بیہودگی سے پاک رومانس کیا۔ فلموں میں رومانس کے ساتھ ساتھ بہترین جملے بازی اور مکالموں کی شاندار ادائیگی شاہ رخ خان کو فلم انڈسٹری کا کنگ بناتی ہے۔ ’ ہم شریف کیا ہوئے پوری دنیا ہی بدمعاش ہوگئی‘۔ ڈان کو پکڑنا مشکل ہی نہیں ناممکن ہے۔ ’امی جان کہتی تھیں کوئی دھندا چھوٹا بڑا نہیں ہوتا اور دھندے سے بڑا کوئی دھرم نہیں ہوتا‘ جیسے ڈائیلاگ شاہ رخ خان کی زبان سے ادا ہوئے تو امر ہوگئے۔شاہ رخ خان نے اپنی 53 ویں سالگرہ سب سے پہلے اپنے مداحوں کے ساتھ منائی۔ سالگرہ سے پہلے ہی رات گئے مداحوں کا ہجوم شاہ رخ خان کے گھر کے باہر امڈ آیا جس پر کنگ خان بھی رات 12 بجے گھر سے باہر آئے اور مرکزی گیٹ پر چڑھ کر مداحوں کی محبتوں کا شکریہ ادا کیا۔