کوئٹہ(سچ نیوز)بلوچستان اسمبلی نے ہالینڈ کی پارلیمنٹ میں حضرت محمد ﷺ کی شان میں توہین رسالت پر مشتمل گستاخانہ اور اشتعال انگزیز خاکو ں کی نمائش کے خلاف مذمتی قرار دادپورے ایوان کی جانب سے متفقہ طور پر منظور کرلی گئی ۔
تفصیلات کے مطابق بلوچستان اسمبلی کے اجلاس میں متحدہ مجلس عمل کے رکن صوبائی اسمبلی ملک سکندر ایڈووکیٹ ناور دیگر اراکین کی جانب سے لائی جانیوالی مشترکہ مذمتی قرار داد متفقہ طور پر منظور کر لی گئی ۔اراکین بلوچستان کی جانب سے پیش کی جانے والی مشترکہ قرارداد میں کہا گیا ہے کہ بلوچستان اسمبلی کا یہ ایوان ہالینڈ کی پارلیمنٹ میں حضور اقدس ﷺ کی شان میں توہین رسالت پر مشتمل گستاخانہ اور اشتعال انگزیز خاکوں کی نمائش کی شدید الفاظ میں مذمت کرتاہے جوکہ ناقابل معافی جرم ہے۔ اس سے مسلمانوں کو شدید دکھ پہنچا ہے مسلمان اللہ، آخری نبیﷺ ، شعائر اللہ اور شعائر اسلام کی توہین کو قطعاً برداشت نہیں کرسکتے، اس ناپاک اور اسلام دشمنی منصوبے کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے،مغرب کے اس اقدام سے نہ صرف عالم اسلام کے مذہبی جذبات مجروع ہوئے ہیں بلکہ عالم اسلام کو اشتعال دلانے کے مترادف ہیں لہذا یہ ایوان صوبائی حکومت سے سفارش کرتا ہےکہ وہ وفاقی حکومت سے رجوع کرتے ہوئے مغر ب کے اس قسم کے مذموم مقاصد کو روکنے کے سلسلے میں ضروری اقدامات اٹھائیں اور حکومت پاکستان عالم اسلام کو متحد کرنے میں اپنا کلیدی کردار ادا کرے ۔قراداد میں کہا گیا ہے کہ بین الااقوامی دنیا کو اس بات پر آمادہ کریں کہ ایسی مذموم حرکتیں بین الااقوامی قانون اور اقوام متحدہ کے چارٹر کے تحت قابل مواخذہ جرم ہے۔ قرار داد پیش ہونے کے بعد پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے رکن نصراللہ زیرے نے قرار داد کو پورے ایوان کی جانب سے متفقہ طور پر منظور کرنے کی درخواست کی جس کے بعد قرار داد کو پورے ایوان کی جانب سے متفقہ طور پر منظور کرلیا گیا۔ بعد ازاں ڈپٹی سپیکر سردار بابر موسیٰ خیل نے اسمبلی کا اجلاس غیر معینہ مدت تک کیلئے ملتوی کردیا۔