نئی دہلی (سچ نیوز)بھارت کی ریاست اْتر پردیش میں 5 سال سے بند جیولر کی دکان میں ڈکیتی کے واقعہ میں چور 140 کروڑ روپے مالیت کے زیورات لے کر فرار ہوگئے۔رپورٹ کے مطابق واقعہ اتر پردیش کے علاقے کانپور میں پیش آیا۔پولیس کے مطابق چوری کی شکایت دکان کے ایک مالک کی جانب سے درج کرائی گئی، یہ دکان شراکت داروں کے درمیان تنازع کی وجہ سے گزشتہ 5 سال سے بند تھی۔سپرنٹنڈنٹ پولیس راج کمار اگروال کا کہنا تھا کہ واقعہ کی تحقیقات جاری ہیں۔پولیس کا کہنا تھا کہ وہ مذکورہ دکان اور اس کے اطراف میں موجود دیگر جیولر کی دکانوں کی سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔واضح رہے کہ اس دکان کو 30 مئی 2013 کو بند کیا گیا تھا جبکہ حال ہی میں عدالت نے دونوں شراکت داروں کی موجودگی میں پولیس کو دکان کو کھولنے کی اجازت دی تھی۔رپورٹ کے مطابق مبینہ چوری کا واقعہ دکان کھولنے سے کچھ روز قبل ہی پیش آیا۔پولیس کو درج کرائی گئی شکایت کے مطابق دکان دار نے الزام لگایا کہ 10 ہزار کیرات ہیرے، 500 کلو چاندی، 100 کلو سونا جبکہ 5 ہزار کیرات کے جواہرات اور بزنس سے متعلق کچھ قیمتی دستاویزات غائب ہیں۔