واشنگٹن(سچ نیوز) امریکی صدر ڈونلڈٹرمپ کے مشیر ساجد تارڑ نے کہا ہے کہ صدر ٹرمپ نے بار پھر مسئلہ کشمیر کو اجاگر کیا،انہوں نے مسئلہ کشمیر پر پھر ثالثی کی پیشکش کی، بھارت بدحواسی میں مقبوضہ کشمیر میں مزید فوج بھیج رہا ہے،بھارت کو امریکہ سمیت عالمی برادری کو جواب دینا پڑے گا۔نجی ٹی وی کے مطابق واشنگٹن میں امریکی صدر ڈونلڈٹرمپ کے مشیر ساجد تارڑ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ صدر ٹرمپ نے آج ایک بار پھر مسئلہ کشمیر کو اجاگر کیا، صدر ٹرمپ نے مسئلہ کشمیر پر پھر ثالثی کی پیشکش کی،انہوں نے انتخابی مہم میں دو بار اس پر بات کی۔ساجد تارڑ نے کہا کہ صدر ٹرمپ کی مسئلہ کشمیر کے حل میں دلچسپی معنی رکھتی ہے جبکہ دوسری طرف بھارت بدحواس ہو چکا ہے۔ساجد تارڑ نے میڈیا کے سامنے یہ بات بھی ظاہر کی کہ بھارتی وزیرخارجہ نے ثالثی کو مسترد کیا، بھارت بدحواسی میں مقبوضہ کشمیر میں مزید فوج بھیج رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ امریکہ واحد عالمی طاقت ہے جو جوڑنے اور توڑنے کی صلاحیت رکھتا ہے، بھارت کے لئے امریکہ سے سفارتی تعلقات خراب کرنا ممکن نہیں، بھارت کو امریکہ سمیت عالمی برادری کو جواب دینا پڑے گا، صدر ٹرمپ کے مشیر ساجد تارڑ نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کو کیسے حل کرنا ہے بھارت کو اس کا جواب دینا پڑے گا، امریکی صدر اپنے دورے میں مسئلہ کشمیر کے حل کے خواہشمند ہیں، میرا خیال ہے کہ مسئلہ کشمیر پر بہت بات ہوگئی ہے اب اسے حل ہونا چاہیے۔