نئی دہلی(سچ نیوز)بھارت میں گذشتہ چند روز سے جاری بارشوں اور سیلاب کے باعث ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد 190 سے تجاوز کر گئی ہے، زمینی تودے گرنے اور سیلاب کی وجہ سے ایک سو پندرہ افراد اب بھی لاپتہ ہیں جبکہ سیلاب سے لاکھوں افراد متاثر ہوئے ہیں،مودی حکومت ناگہانی آفت سے لوگوں کو بچانے کے لئے امدادی کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہے تاہم مسلسل بارش اور سیلابی صورتحال نے بھارت سرکار کو بریطرح چکرا کے رکھ دیاہے۔ بھارتی نجی ٹی وی چینل کے مطابق ہندوستان کےمختلف حصوں میں بارشوں، سیلاب اور زمینی تودے گرنے کے واقعات میں مرنے والوں کی تعداد 190 تک پہنچ گئی ہے جبکہ 108دیگر لاپتہ ہیں۔بھارت میں جاری بارشوں ، سیلاب اور زمینی تودے گرنے کی وجہ سے کئی لاکھ لوگ متاثر ہوئے ہیں اور ان میں سے بیشتر لوگوں کو عارضی کیمپوں میں مہاجرین کی طرح زندگی گزارنی پڑرہی ہے۔بھارتیفوج سمیت مختلف سیکیورٹی اور امدادی ادارے ریسکیو کے کاموں میں مصروف ہیں۔ مون سون سلسلے کی بارشوں اور سیلاب سے سب سے زیاد ہلاکتیں بھارتی ریاست کیرالا میں ہوئیں جہاں 77 افراد ہلاک ہو چکے ہیں جبکہ دس لاکھ سے زائد لوگ متاثر ہوئے ہوئے ہیں۔ بارشوں کی وجہ سے مٹی کے تودے گرنے کا سلسلہ بھی مختلف پہاڑی علاقوں میں جاری ہے، کئی دیہاتوں کو لینڈ سلائیڈنگ سے شدید تباہی دیکھنی پڑ رہی ہے جبکہ بھارت کے جنوبی اور مغربی علاقوں میں ہزاروں افراد ہنگامی امدادی کیمپوں میں پناہ لینے پر مجبور ہیں، ان کیمپوں میں خواتین کے ساتھ چھوٹے چھوٹے بچے بھی نامساعد حالات کا سامنا کر رہے ہیں۔ہندوستان کی کئی ریاستوں میں ریلوے کا نظام بھی شدید متاثر ہوا ہے اور ٹرین سروس معطل ہونے کی وجہ سے کئی سٹیشنوں پر سینکڑوں مسافر محصور ہو کر رہ گئے ہیں۔مودی حکومت نے مختلف شہروں، قصبوں اور دیہات کے لوگوں کو ہدایت کی ہے کہ مٹی کے تیل اور ایندھن کی ممکنہ کمی کی وجہ سے مٹی کے تیل کا ذخیرہ کر لیں جبکہپٹرول اور تیل لانے والی ریل گاڑیوں کو بھی غیرمعمولی تاخیر کا سامنا ہے۔واضح رہے کہ بھارت میں گزشتہ کچھ دنوں سے جاری مسلسل شدید بارشوں کے بعد سیلاب کی صورتحال سنگین ہو چکی ہے ،بھارتی ریاستوں کیرالا، کرناٹک، مہاراشٹر اور گجرات مسلسل بارشوں کے علاوہ خطرناک سیلاب سے شدید متاثر ہیں جبکہ مدھیہ پردیش، تامل ناڈو، گوا اور آندھرا پردیش میں بھی سیلاب کی صورتحال پیدا ہو چکی ہے۔سیلاب اور اس کے نتیجہ میں زمینی تودے گرنے کے واقعات میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 150سے زائد افراد موت کی وادی میں پہنچ گئے ہیں جبکہ درجنوں افراد ابھی تک لاپتہ ہیں ،مودی سرکار اس ناگہانی آفت سے بچاؤ کے لئے ہر ممکنہ کوشش کر رہی ہے تاہم بارشیں ہیں کہ تھمنے کا نام ہی نہیں لے رہیں۔