نئی دہلی (ویب ڈیسک) بھارت نے 9 اگست کو سری نگر میں بھارت مخالف احتجاج ہونے کا اعتراف کرلیا۔جمعہ 9 اگست کو کشمیریوں نے کرفیو توڑ کر بھارتی حکومت کے غاصبانہ قبضے کے خلاف احتجاج کیا تھا۔کشمیریوں پر9 اگست کو ڈھائے جانے والے مظالم پر قابض بھارتی حکومت کی ناں بلآخر ہاں میں بدل گئی۔نہ نہ کرتے بلآخربھارتی حکومت نے سری نگر کے علاقے صورہ میں بھارت مخالف احتجاج ہونے کا اعتراف کرلیا۔روزنامہ جنگ کے مطابق بھارتی وزارت داخلہ کے ترجمان نے سوشل میڈیا پر اعتراف کیا ہے کہ 9 اگست کو سری نگر کے علاقے صورہ میں آرٹیکل 370 ختم کرنے کے خلاف بھارت مخالف احتجاج کیا گیا تھا۔سری نگر میں سخت ترین کرفیو کے باوجود ہونے والے اس احتجاجی مارچ کی رپورٹ برطانوی نشریاتی ادارے نے جاری کی تھی۔قابض بھارتی فورسز نے اس دن مظاہرین پرچَھروں اور آنسو گیس کا استعمال کیا تھا، جس میں متعدد کشمیری زخمی ہوئے تھے۔قابض بھارتی حکام نے پہلے مقبوضہ کشمیر کے دارالحکومت سری نگر میں ایسے کسی بھی واقعے کے ہونے سے قطعی انکار کردیا تھا۔