اسلام آباد: (سچ نیوز) وزیراعظم عمران خان نے لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر معصوم شہریوں پر حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ کلسٹر بموں کا استعمال انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے، عالمی برادری کو اس کا نوٹس لینا چاہیے۔
سماجی رابطوں کی سائٹ ٹویٹر پر جاری بیان میں وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ ایل او سی پر معصوم شہریوں پر بھارتی حملے کی مذمت کرتا ہوں، بھارت نے انسانی حقوق کی خلاف ورزی کرتے ہوئے کلسٹر بموں کا استعمال کیا۔ وزیراعظم کا اپنی ٹویٹ میں کہنا تھا کہ حملہ 1983ء کے عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہے، اقوام متحدہ عالمی امن اور سلامتی کو درپیش خطرے کا نوٹس لے۔
انہوں نے تنبیہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ صورتحال علاقائی بحران میں تبدیل ہو سکتی ہے، وقت آ گیا ہے کہ مقبوضہ وادی کے عوام کی مشکلات ختم ہوں۔ وزیراعظم عمران خان نے مطالبہ کیا کہ کشمیریوں کو یو این قراردادوں کے مطابق حق خود ارادیت ملنا ضروری ہے کیونکہ خطے میں امن اور ترقی کا واحد راستہ مسئلہ کشمیر کا حل ہے۔ امریکی صدر ڈو نلڈ ٹرمپ نے بھی کشمیر پر ثالثی کی پیشکش کی۔