استنبول(سچ نیوز )ترکی میں حکام نے بتایا ہے کہ ملک کے جنوب مشرقی صوبے ہکارے میں فوج کے ایک اڈے پر ناقص گولہ بارود کے ذخیرے میں ہونے والے حادثاتی دھماکے میں کم از کم 25 ترک فوجی زخمی اور 7 لاپتا ہو گئے۔ترکی کی وزارت دفاع کے مطابق یہ دھماکا فوجی اڈے میں آرٹلری شوٹنگ کے دوران ہوا، مذکورہ فوجی اڈا عراق اور ایران کے ساتھ ترکی کی سرحد کے نزدیک واقع ہے۔وزارت دفاع کے بیان میں بتایا گیا ہے کہ 25 فوجیوں کو زخمی حالت میں ہسپتال منتقل کر دیا گیا، تاہم ان کے زخمیوں کی نوعیت کے بارے میں تفصیل نہیں بتائی گئی۔ بیان کے مطابق7 فوجی ابھی تک لاپتا ہیں اور حادثے کی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔واقعے کی سنگینی اس بات سے ظاہر ہو رہی ہے کہ وزیر دفاع خلوصی آقار اور مسلح افواج کے چیف آف سٹاف یسار گولر بھی ہکارے روانہ ہو گئے ہیں۔