تہران(سچ نیوز)ایرانی دارالحکومت کے سابق میئر محمد علی نجفی کو اہلیہ کے قتل کا جرم ثابت ہونے پر سزائے موت سنا دی گئی ہے۔بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق تہران کے سابق میئر محمد علی نجفی پر اپنی دوسری اہلیہ مترا کو گولی مار کر ہلاک کرنے کا الزام تھا، عدالت نے اعترافی بیان، گواہوں کی روشنی اور شواہد کی موجودگی میں سابق میئر کو سزائے موت سنا دی ہے۔سابق میئر نے اپنی اہلیہ کو 28 مئی کو گولی مار کر قتل کیا تھا، اہلیہ کی لاش باتھ ٹب سے ملی تھی۔ 67 سالہ میئر نجفی نے پولیس انکوائری کے دوران اہلیہ کے قتل کا اعتراف کر لیا تھا۔سابق میئر کیخلاف چارج شیٹ میں قتل، تشدد اور غیر قانونی اسلحہ رکھنے کی دفعات لگائی گئی تھیں جن میں سے تشدد کے الزام میں بری، ممنوعہ اسلحہ رکھنے کے جرم میں دو سال قید اور اہلیہ کے قتل پر سزائے موت سنائی گئی۔پولیس کو گرفتاری دیتے وقت محمد علی نجفی نے اپنے بیان میں کہا کہ مترا سے ناچاقی تھی اور قتل کے روز بھی تلخ کلامی پر اُسے اپنے پستول سے ڈرایا تھا جسے مترا نے چھیننے کی کوشش کی اور اسی چھینا جھپٹی میں غلطی سے گولی چل گئی۔امریکی یونیورسٹی سے اعلیٰ تعلیم یافتہ محمد علی نجفی تعلیم کے وزیر کی حیثیت سے بھی فرائض انجام دے چکے ہیں اور انہیں ایران میں اصلاح پسند سیاسی رہنما کے طور پر جانا جاتا ہے۔