کوکس بازار (سچ نیوز) بدھسٹ ریاست میانمار سے جبر ی ملک بدر کئے گئے مظلوم روہنگیا مسلمانوں نے اپنی بے وطنی کا ایک برس مکمل ہونے پر ہزاروں کی تعداد میں احتجاجی مظاہرہ کیا ۔
بین الاقوامی نشریاتی ادارے کے مطابق بنگلہ دیش میں ہزاروں روہنگیا مہاجرین نے پچیس اگست کو میانمار میں ملٹری کریک ڈاﺅن کے ایک برس پورا ہونے پر احتجاجی مظاہرہ کیا ہے۔ پندرہ ہزار کے قریب مظاہرین نے بنگلہ دیش کے علاقے کوکس بازار میں واقع کوتو پالونگ مہاجر کیمپ کے باہر جمع ہو کر روہنگیا اقلیت کے لیے انصاف کا مطالبہ کیا۔ پچیس اگست 2017 کو میانمار کی راکھین ریاست میں مسلمان روہنگیا اقلیت کے خلاف ایسی فوجی کارروائی شروع ہوئی، جسے اقوام متحدہ نسلی تطہیر سے تعبیر کرتی ہے۔ اس دوران سات لاکھ سے زائد روہنگیا مسلمانوں نے اپنے گھروں کو چھوڑ کر پیدل اور کشتیوں کے ذریعے پڑوسی ملک بنگلہ دیش کا رخ کیاتھا اور اب تک بے سرو سامانی اور کسمپرسی کے عالم میں مہاجر کیمپوں میں زندگی کے دن پورے کررہے ہیں۔