برلن(سچ نیوز)جرمنی نے اقوام متحدہ کے مہاجرت پر مجوزہ بین الاقوامی معاہدے کی حمایت کی ہے۔ یاد رہے کہ ہنگری، امریکا اور آسٹریلیا کے بعد آسٹریا نے بھی اس میثاق سے دستبرداری کا اعلان کیا ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق جرمن وزارت داخلہ کے ترجمان نے ایک بیان میں کہا کہ مہاجرت پر مجوزہ عالمی معاہدہ کسی بھی ملک کی حاکمیت کو کمزور نہیں کرے گا اور یہ ایک غیر سیاسی اعلان کی حیثیت رکھتا ہے نہ کہ کسی ٹھوس معاہدے کی۔ابھی 2 روز قبل ہی جرمن کی دائیں بازو سے تعلق رکھنے والی سیاسی جماعت اے ایف ڈی نے جرمن حکومت سے آسٹریا کے نقش قدم پر چلنے اور اس معاہدے سے دستبردار ہونے کا مطالبہ کیا تھا۔اقوام متحدہ کے مجوزہ معاہدے کا مقصد عالمی سطح پر مہاجرت کو منظم کرنا اور تارکین وطن اور مہاجرین کے حقوق کو مضبوط بنانا ہے۔ اس معاہدے میں شامل شقوں میں مہاجرین کے خاندانوں کے ساتھ اْن کی ری یونین، صحت اور تعلیم کی سہولتوں تک رسائی اور ماحولیاتی تبدیلیوں کے نتیجے میں ہجرت کرنے والے پناہ گزینوں کے حقوق کو تسلیم کرنا شامل ہیں۔جرمن وزارت خارجہ کے ترجمان نے اپنے بیان میں کہاکہ یہ مجوزہ معاہدہ اہداف کی تشکیل کرتا ہے۔ خاص طور سے جب یہ غیر قانونی مہاجرت کو روکنے اور ترک وطن کی قانونی صورتوں کی اجازت دیتا ہے۔جرمن وزارت خارجہ کے ترجمان نے مزید کہا کہ معاہدے کے تحت یہ متعلقہ ملک کے ہاتھ میں ہو گا کہ مہاجرین وہاں کتنا عرصہ رہ سکتے ہیں اور یہ بھی کہ وہ ریاست کتنی تعداد میں مہاجرین کو قبول کرنا چاہتی ہے۔