لندن(سچ نیوز)برطانیہ کے شہزادہ ہیری اور ان کی اہلیہ میگن مارکل رواں سال مئی میں رشتہ ازدواج میں منسلک ہونے کے بعد ان دنوں اپنے پہلے بیرونی دورے پر ہیں۔ شاہی جوڑے نے دورے کا آغاز رواں ماہ 14 اکتوبر کو آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ سے کیا تھا۔ ان کے دورے میں دو اور ممالک ٹونگا اور فیجی بھی شامل ہیں۔ شہزادہ ہیری اور ان کی اہلیہ آئندہ بدھ کے روز واپس لندن پہنچیں گے۔عرب ٹی وی کے مطابق یہ شاہی جوڑا جزیرہ ٹونگاکے بین الاقوامی ہوائی اڈے پہنچا، اس موقع پر سرخ رنگ کا لباس پہنے ہوئے میگن مارکل طیارے سے نیچے اْتریں تو اْن کے لباس کے بالائی حصّے میں قیمت کا ٹیگ چپکا نظر آیا جو ہٹایا نہیں گیا تھا۔شہزادہ ہیری کی 37 سالہ حاملہ اہلیہ میگن کا لباس لندن سے خریدا گیا تھا۔ لباس کے ساتھ چسپاں رہ جانے والے ٹیگ پر اس کی قیمت 445 ڈالر تحریر تھی۔اس کے ساتھ ہی ایک دوسرا ٹیگ بھی تھا جس پر عربی سمیت مختلف زبانوں میں یہ ہدایت درج تھی کہ اس ٹیگ کے بغیر لباس واپس نہیں ہو گا۔ برطانوی ذرائع ابلاغ کے بعض اداروں نے شہزادہ ہیری کی اہلیہ کی اس بھول کو ایک بڑی غلطی قرار دیاہے ۔