کھر: (سچ نیوز) چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹوکا ورکرز کنونشن سے خطاب میں کہنا تھا کہ آصف زرداری اور فریال تالپور نے عوام کیلئے جیل جانے کی قربانی دی، ہم مزید قربانیاں دینے کیلئے بھی تیار ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ آئین کے لئے شہید ذوالفقار بھٹو نے پھانسی کا پھندا قبول کیا اور جمہوریت کے لئے شہید بینظیر بھٹو نے اپنی جان دی لیکن جمہوریت اور آئین پر آج ہر طرف سے حملے ہو رہے ہیں۔
چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ہم نے عوام کے لئے آئینی، معاشی اور جمہوری حقوق جانیں دے کر چھینے ہیں۔ جیالوں کو آئین اور انسانی حقوق کے تحفظ کے لئے آج پھر مل کر جدوجہد کرنا ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ یہ سمجھتے ہیں کہ ہمیں جیل بھیج کر ڈرا لیں گے۔ میرے پورے خاندان اور پارٹی کو جیل بھیج دیں مگر ہم آئین کے تحفظ سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ دھاندلی زدہ اور عوام دشمن بجٹ نے عوام کا جینا مشکل کر دیا ہے۔ جو کہتا تھا کہ وہ بھیک نہیں مانگے گا، اس نے آئی ایم ایف سے ڈیل کرکے معاشی خود کشی کرلی۔ عوام دشمن بجٹ میں امیروں کے لئے ریلیف اور غریبوں کے لئے بوجھ ہے۔