انقرہ( سچ نیوز) ترکی سے برطانیہ آنے والی تھامس کک ایئرلائنزکی پرواز میں بیٹھی دو خواتین نے 3ساتھی مرد مسافروں کو محض اس لیے دہشت گرد قرار دے دیا کہ وہ مسلمان تھے۔ اس پران خواتین کے ساتھ ایسا کام کر دیا گیا کہ ایسے منافرت پسندوں کے ساتھ ایسا ہی ہونا چاہیے۔ میل آن لائن کے مطابق یہ پرواز ترکی کے شہر دلامن سے لندن آ رہی تھی۔ ان خواتین نے تینوں مسلمان مرد مسافروں کی داڑھیوں کی وجہ سے انہیں دہشت گرد کہہ دیا اور پرواز کے عملے سے مطالبہ کر دیا کہ وہ انہیں پرواز سے اتار دیں۔رپورٹ کے مطابق عملے نے خواتین کو سمجھانے کی کوشش کی مگر وہ اپنی بدتمیزی پر ڈٹی رہیں جس پر عملے نے پولیس کو بلا لیا۔ دو پولیس آفیسر پرواز میں آئے اور ان دونوں خواتین ہی کو اتار کر لے گئے۔ اس واقعے کی ایک ویڈیو بھی منظرعام پر آئی ہے جو کسی ساتھی مسافر نے بنا کر سوشل میڈیا پر پوسٹ کی۔ اس ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ یہ خواتین مسلمان مسافروں کے ساتھ انتہائی ناروا سلوک کر رہی تھیں، جس سے ان کی اسلام دشمنی صاف جھلک رہی تھی۔ ویڈیو میں پولیس کو ان خواتین کو گرفتار کرکے لیجاتے بھی دیکھا جا سکتا ہے۔ واضح رہے کہ ان خواتین کی اس حرکت کی وجہ سے پرواز ڈیڑھ گھنٹہ تاخیر کا شکار ہوئی۔