یجنگ: (سچ نیوز) وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ حکمرانوں کی کرپشن نے ملک کو تباہ کیا اور کرپشن کے خاتمے کے بغیر ترقی ممکن نہیں۔
چین کے دارالحکومت بیجنگ میں سینٹرل پارٹی اسکول کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ 1996 میں بدعنوانی کےخلاف اپنی سیاسی جدوجہد کا آغازکیا لیکن ہماری جماعت کوشروع میں اہمیت نہیں دی گئی تاہم آج تحریک انصاف پاکستان کی سب سے بڑی جماعت بن گئی ہے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ 60 کی دہائی میں پاکستانی شرح نموسب سے زیادہ تھی، پاکستان شمالی کوریا اورملائیشیا کے لیے بھی ماڈل تھا لیکن حکومتی طبقے کی بدعنوانی اورمنی لانڈرنگ نے ملک کے لیے مسائل پیدا کیے، حکمرانوں کی کرپشن نے ملک کو تباہ کردیا اور بدعنوانی نے پاکستان کی ترقی کوبری طرح متاثرکیا، کرپشن کے خاتمے کے بغیر ترقی ممکن نہیں، ہرسال اربوں ڈالرز ترقی پذیرملکوں سے ترقی یافتہ ممالک کوغیرقانونی طور پرمنتقل ہوجاتے ہیں۔
عمران خان نے کہا کہ پاکستان میں غربت اور کرپشن کا خاتمہ حکومت کی اولین ترجیح ہے، ریاستی اداروں کومضبوط کرنا بھی حکومت کی ترجیح ہے، اداروں کومضبوط کرکے ہی بدعنوانی کا خاتمہ کیا جاسکتا ہے اور اس حوالے سے چین کے تجربات سے فائدہ اٹھانا چاہتے ہیں کیوں کہ چین نے 70 کروڑ لوگوں کوغربت سے نکالا، وائٹ کالرکرائم سےنمٹنا اہم ہے اور اس کے لیے بھی چین کا تعاون درکارہے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ چین نے ہرمشکل وقت میں پاکستان کی مدد کی، پاکستان بھی چین کی مدد سے کبھی پیچھے نہیں رہے گا، پاکستانی معیشت دہشت گردی کے خلاف جنگ کی وجہ سے شدید متاثرہوئی، پاکستان کو بیرونی سرمایہ کاری کی ضرورت ہے جس کے لیے چین کے مستقبل کی قیادت سےبات کررہا ہوں جب کہ سی پیک پاکستان کے لیے انتہائی اہم ہے۔