لاہور(سچ نیوز) تحریک لبیک پاکستان کے قائدین نے وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری کے عاطف میاں کے متعلق بیان کے جواب میں واضح مؤقف اختیار کیا ہے کہ فواد چوہدری یہ بتائیں کے وہ پاکستان کی اطلاعات و نشریات کے نمائندے ہیں یا منکرین ختم نبوت کے؟ ملکی سالمیت کے پیش نظر کوئی قادیانی کلیدی عہدے پر فائز نہیں ہو سکتا لہذا موجودہ حکومت سابقہ حکومت سے سبق سیکھے اور دین دشمنی کی روش ہرگز اختیار مت کرے۔
تفصیلات کے مطابق تحریک لبیک پاکستان کے قائدین نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ سابقہ حکومت نے غازی ممتاز قادری کو پھانسی دلوائی، قانون تحفظ ناموس رسالتﷺ کے خلاف سازشیں کی، حلف نامہ ختم نبوت میں ترمیم کی، علماء و مشائخ اہلسنت پر ناجائز فورتھ شیڈول اور جھوٹے مقدمات قائم کئے، اذان کے لیے مساجد میں چاروں اطراف لاؤڈ سپیکر پر پابندی لگانے کے ساتھ دیگر غیر اسلامی افعال سر انجام دیئے جسکے بعد دنیا نے دیکھا کہ نوازشریف اور اس کے خاندان کے لئے اللہ تعالی کی طرف سے کیسی سخت پکڑ آئی؟ اب اقتدار میں آتے ہی موجودہ حکومت نے عاطف میاں قادیانی کو مشیر اقتصادیات بنا کر کروڑوں مسلمانوں کی دل آزاری کی ہے، یوں محسوس ہوتا ہے کہ یہ حکمران بھی سابقہ حکمرانوں کے نقش قدم پر گامزن ہیں۔ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ عاطف میاں قادیانی کو مشیر اقتصادیات کا نوٹیفکیشن فی الفور کینسل کیا جائے وگرنہ منکرین ختم نبوت کو نوازنے کی پالیسی موجودہ حکومت کو لے ڈوبے گی۔