دبئی(سچ نیوز) بھارتی مزاحیہ اداکار 36 سالہ منجو ناتھ نائیڈو اسٹیج پر براہ راست پرفارمنس کے دوران حرکت قلب بند ہوجانے کے باعث جہان فانی سے کوچ کرگئے جب کہ شائقین اداکار کے دم نکلنے کو سکرپٹ کا حصہ سمجھتے رہے۔عرب میڈیا کے مطابق بھارتی شہری منجو ناتھ نائیڈو جو کئی برس سے دبئی میں مقیم تھے اور اسٹیج پر مزاحیہ کردار نبھانے کے باعث کافی شہرت رکھتے تھے آج براہ راست پرفارمنس کے دوران حرکت قلب بند ہوجانے کے باعث سٹیج پر گر کر دم توڑ گئے۔منجو ناتھ کو پرفارمنس سے قبل انزائٹی ہورہی تھی جسے ساتھی اداکاروں اور پروڈیوسر نے ’ سٹیج فوبیا‘ سمجھ کر نظر انداز کردیا، کھیل کے سب سے آخری حصے میں منجو ناتھ کی پرفارمنس تھی۔اپنی پرفارمنس کے دوران وہ اچانک اسٹیج پر رکھی بینچ پر بیٹھ گئے اور پھر فوراً سٹیج پر اوندھے منہ گر گئے، سانسیں اکھڑ رہی تھیں اور پھر جسم بے حرکت ہوگیا، اس سارے عمل کو شائقین اسکرپٹ کا لکھا سمجھتے رہے اور تالیاں بجا کر اداکاری کی داد دیتے رہے۔