دبئی(سچ نیوز) پاکستانی فلم ”پرے ہٹ لوّ“ کی تعارفی تقریب گزشتہ دنوں دبئی میں ہوئی جس کا اہتمام ڈریم ایڈورٹائزنگ کے سی ای او سید عباد نے دبئی کے ایک کیفے میں کیا۔ فلم کی پریمیئرتقریب میں فلم کے ڈائریکٹر عاصم رضا اور فنکاروں مایاعلی، زارا نور عباس، شہریار اور احمد بٹ کے علاوہ دیگر متعلقہ لوگوں نے شرکت کی۔ اس موقع پر ہونے والی پریس کانفرنس میں فلم کے ڈائریکٹر اور فنکاروں نے اپنے اپنے خیالات کا ظہار کیا۔
فنکاروں نے کہاکے متذکرہ فلم“ پرے ہٹ لوّ“ اپنے انداز کی ایک منفرد اور مختلف فلم ہے جس میں پیار اور محبت کے موضوع پر کام کیا گیاہے۔ فلم ڈائیریکٹر عاصم رضا نے کہا کہ اس فلم میں پاکستان کے 14بڑے فنکاروں نے حصہ لیا ہے اور ایک پلیٹ فارم پر کام کرکے فلم کو لازوال بنا دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ فلم کا بنیادی مقصد آپس محبت کو فروغ دینااور آگے بڑھانا ہے۔ ہمارا ارادہ ہے کہ اس فلم کے ذریعے محبت کے پیغام کو پوری دنیا میں پہنچا دیں تاکہ لوگ آپس پیار و محبت سے رہیں۔
فنکاروں نے کہا کہ ہم نے اس فلم کی شوٹنگ کے دوران بہت محنت کی ہے اور اسے لازوال بنانے کی کوشش کی ہے امید ہے کہ فلم بینوں کو ہماری یہ کوشش پسند آئے گی۔ فنکاروں نے کہا کہ عیدالدلضحٰی کے مبارک موقع پر یہ فلم سب کے لئے ایک عظیم تحفہ ثابت ہوگی۔ یہ ایک فیملی فلم ہے جسے پورے خاندان کے ساتھ دیکھا جا سکتا ہے۔فلم میں بھرپور انٹرٹینمنٹ فراہم کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔ امید ظاہر کی گئی ہے کہ یہ فلم پاکستانی فلموں میں اپنی مثال آپ ثابت ہوگی۔ اور فلم بینوں کو ایک عرصہ تک یاد رہے گی۔
مشترکہ بات چیت میں پریس کانفرنس کے دوران کہا گیاکہ پاکستان میں ہر طرح کا ٹیلنٹ موجود ہے لہٰذا پاکستانی فنکاروں کی صلاحیتوں سے فائدہ اٹھایا جانا چاہیئے۔ اس موقع پر صحافیوں کے سوالوں کے جوابات بھی دے گئے جبکہ اداکاروں نے سب کو متذکرہ فلم“ پرے ہٹ لوّ“ ضرور دیکھنے کی دعوت بھی دی۔