ممبئی (سچ نیوز) بھارتی پنجابی فلموں کے معروف اداکار دلجیت دسانج نے دوسری مرتبہ بھارتی اداکارہ کرینہ کپور کیساتھ پیار کرنے کی ٹھان لی، دونوں نئی فلم ”گڈ نیوز“ میں ایک ساتھ نظر آئیں گے، اس سے قبل دونوں 2016 میں فلم ”اڑتا پنجاب“ میں ایک ساتھ رومانس کرتے دکھائی دئیے تھے۔میڈیا رپورٹ کے مطابق دلجیت دسانج ان دنوں اپنے نئی فلم”ارجن پٹیالہ“کی تشہیر میں مصروف ہیں،اس دوران ایک تقریب میں انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کرینہ کپور کی اداکاری، خوبصورتی اور شخصیت کی تعریفوں کے پل باندھ دئیے اور بتایا کہ وہ جلد ہی ایک بار پھر کرینہ کپور کے ساتھ فلم ”گڈنیوز“ میں عشق لڑاتے نظر آئیں گے۔دلجیت نے کرینہ کو اپنی آئیڈیل اداکارہ قرار دیا اور انکشاف کیا کہ اب بھی وہ ان سے بات کرتے وقت گھبرا جاتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کرینہ کپور کے ساتھ کام کرنے میں بہت مزا آتا ہے اور وہ ایک ماہر اداکارہ ہیں جنہیں بے ساختگی پر قابو پانے کا فن آتا ہے۔اداکار کا مزید کہنا تھا کہ جہاں تک کرینہ سے بات کرتے وقت گھبرانے کا تعلق ہے تو جس کسی شخص کے سامنے اس کا آئیڈیل موجود ہوتا ہے وہ خاموش ہوجاتا ہے۔ یاد رہے دلجیت نے اپنے ایک گانے میں بھی کرینہ کپورکو خراج تحسین پیش کیا تھا۔