کوئٹہ: (سچ نیوز ) وزیر مملکت برائے داخلہ شہریار آفریدی کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں کے دن گنے جا چکے ہیں، پہاڑوں پر جانے والے واپس آ کر قومی دھارے میں شامل ہو جائیں، واپس آنے والوں کو بلا تفریق گلے لگا لیں گے۔
داخلہ امور کے وزیر مملکت شہریار آفریدی نے کوئٹہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ آئی جی ایف سی پر حملہ کی بھرپور مذمت کرتے ہیں، حملہ میں شہید ہونے والے جوانوں کی قربانی رائیگاں نہیں جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان دشمن عناصر کے دن گنے جا چکے ہیں۔ پاک فوج، ایف سی، پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے جوانوں کی ملک کے دفاع کیلئے قربانیاں لازوال ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ایک ہفتے کے دوران 45 ہزار کے قریب زائرین مقامات مقدسہ کی زیارت کیلئے پاکستان سے گئے، جن کو ہر ممکن سہولتیں فراہم کی گئیں۔