لاہور: (سچ نیوز) انسداد دہشتگردی ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نے راجن پور میں کارروائی کر کے پانچ مبینہ دہشت گردوں کو گرفتار کر لیا ہے۔
مبینہ دہشت گردوں کا تعلق بلوچستان لبریشن آرمی (بی ایل اے) سے بتایا جا رہا ہے۔ سی ٹی ڈی ذرائع کے مطابق ان دہشتگردوں میں حسین بخش عرف بگا، بخش، رحیم علی اور مجاہد دین شامل ہیں۔
ان دہشتگردوں کا تعلق بی ایل اے کے باغی کمانڈر گروپ سے ہے جنہوں نے ٹرین کی پٹڑی کو دھماکے سے اڑانے کی منصوبہ بندی کر رکھی تھی۔ ان کے قبضہ سے اسلحہ، آئی ای ڈی اور چھ کلو دھماکا خیز مواد برآمد کر لیا گیا ہے۔
گرفتار دہشتگردوں کے برامداغ بگٹی سے تعلقات کے شواہد ملے ہیںجو بیرون ملک سے ان کی فنڈنگ کرتا ہے۔
خیال رہے کہ ابھی حال ہی میں امریکا کی جانب سے بلوچستان لبریشن آرمی (بی ایل اے) کو دہشتگرد تنظیم قرار دیدیا گیا ہے۔
گزشتہ دنوں امریکی محکمہ خارجہ نے دہشتگردوں کی فہرست میں بلوچ لبریشن آرمی (بی ایل اے) کا نام شامل کیا تھا، اس کے علاوہ جیش العدل کا نام بھی امریکی فہرست میں شامل ہے۔
اس اقدام کے تحت دونوں تنظیمیں امریکا میں دہشت گرد تنظیمیں تصور کی جائیں گی۔ خیال رہے کہ بی ایل اے کو پاکستان میں 2006ء سے کالعدم تنظیم قرار دیا گیا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں امریکی اقدام کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا گیا کہ بی ایل اے نے حال ہی میں پاکستان میں دہشت گردی کی کئی کارروائیاں کیں۔ امید کرتے ہیں امریکی اقدام سے اس دہشتگرد تنظیم کی کارروائیاں کم ہو جائیں گی۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ امید کرتے ہیں کہ بلوچستان لبریشن آرمی (بی ایل اے) کے کارندوں، سہولت کاروں اور مالی تعاون دینے والوں کو پکڑا جائے گا جبکہ اس کو بیرونی تعاون دینے والوں کو بھی انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔
دفتر خارجہ کی جانب سے کہا گیا ہے کہ امید کرتے ہیں ان عناصر کیخلاف گھیرا تنگ ہوگا جو بی ایل اے کی سرگرمیوں کو بڑھا چڑھا کرپیش کرتے ہیں۔