راولپنڈی: (مانیٹرنگ ڈیسک) راولپنڈی کے علاقے ربیع سنٹر کے قریب تربیتی طیارہ آبادی پر گر گیا جس سے 3 مکانوں کو آگ لگ گئی، حادثے کے نتیجے میں 10 افراد جاں بحق اور 12 زخمی ہوئے. ریسکیو اداروں نے امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔
بتایا گیا ہے کہ تربیتی طیارہ راولپنڈی سے 30 کلو میٹر دور علاقے روات کے قریب گاوں میں گرا، طیارے کے گرتے ہی زوردار دھماکہ ہوا اور آگ لگ گئی۔ جلتا ہوا ملبہ آبادی پر گرنے کے سبب 3 مکان مکمل طور پر منہدم ہو گئے جن میں موجود 10 افراد جاں بحق اور 12 زخمی ہو گئے۔ جاں بحق ہونے والوں میں 2 بچے بھی شامل ہیں۔ ریسکیو عملے نے موقع پر پہنچ کر آگ بجھانے کی کارروائی شروع کر دی اور متاثرہ گھروں سے لاشیں نکالیں جبکہ زخمیوں کو ہولی ہسپتال راولپنڈی منتقل کر دیا گیا۔
پاک فوج، سکیورٹی اداروں اور پولیس کی بھاری نفری بھی موقع پر پہنچ گئی۔ ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر کے مطابق کئی افراد تاحال گھروں کے ملبے تلے پھنسے ہوئے ہیں جنہیں نکالنے کیلئے پاک فوج کے جوان مصروف عمل ہیں۔ حکام نے جڑواں شہروں کے ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی۔