اسلام آباد: (سچ نیوز ) مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد نے کہا ہے کہ چائنا کی جانب سے پاکستان کے لیے ہر وقت تمام رستے کھلے ہیں، پاکستان کی جانب سے ترقی کے لیے نئی اصلاحات لائی جا رہی ہیں۔
فیڈریشن آف پاکستان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اور آل پاکستان چائنیز انٹر پرائزز ایسوسی کے مابین بزنس پروموشن تقریب سے خطاب میں مشیر تجارت عبدالزارق داؤد کا کہنا تھا کہ پاکستان اور چین کی دوستی لازوال ہے، سی پیک سے پاکستان دنیا کے نقشے پر مزید ابھرے گا۔
مشیر تجارت نے کہا کہ چائنا کی جانب سے پاکستان کے لیے ہر وقت تمام راستے کھلے ہیں، پاکستان کی جانب سے ترقی کے لیے نئی اصلاحات لائی جا رہی ہیں، پاکستان انڈسٹری کی بحالی کے لیے کام کر رہا ہے۔
عبدالرزاق داؤد نے کہا کہ ہم سی پیک کو وسعت دینے کیلئے بیجنگ جا رہے ہیں، ہم نے چین میں ہونیوالی میٹنگ پر بہت ہوم ورک کیا ہے، ہم زراعت میں تعاون پر بات کریں گے جبکہ چین کیساتھ صنعتی اور ریسرچ میں تعاون پر بھی بات کی جائے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ چین کے دورے کے مثبت نتائج کے حوالے سے بہت پُرامید ہیں، پاکستان کو مزید پیداوار بڑھانے کی ضرورت ہے۔ ہماری پہلی ترجیح صرف اور صرف برآمدات ہے۔
انہوں نے کہا کہ جو چائنیز یہاں ہیں، ہم ان کے ساتھ مکمل تعاون کریں گے، حکومت کی جانب سے اولین ترجیح ایکسپورٹ ہے، جب تک ایکسپورٹ میں اضافہ نہیں ہو گا، معیشت کو سنبھالنا مشکل ہے۔ انہوں نے امید کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آنے والے دور میں پاکستان ایک ترقی یافتہ ملک ہو گا۔