اسلام آباد: (سچ نیوز ) چینی سفیر کا کہنا ہے سی پیک پر تمام خدشات کا ازالہ کریں گے، 22 منصوبوں پر 19 ارب ڈالر خرچ کر رہے ہیں، کچھ طاقتیں چین کو ابھرتا ہوا خوشحال ملک نہیں دیکھنا چاہتیں، کچھ قوتوں کو پاک چین تعاون کھٹکتا ہے۔
چینی سفیر یاؤ جنگ نے اسلام آباد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نئی حکومت کے افغانستان اور بھارت کے حوالے سے اقدامات مثبت ہیں، افغان مفاہمتی عمل میں کردار اور بھارت کو مذاکرات کی پیشکش اچھے اقدامات ہیں۔ انہوں نے کہا پاک چین تعلقات کا دائرہ کار انتہائی وسیع ہے، پاک چین قیادت کا وژن اور سوچ یکساں ہے، وزیراعظم عمران خان شنگھائی کانفرنس میں مہمان خصوصی ہوں گے، ابھرتا پاکستان چین اور بین الاقوامی دنیا کیلئے اہم ہے۔
چینی سفیر نے مزید کہا کہ پاکستان کے اقتصادی مسائل سے آگاہ ہیں، پاکستان سے تکنیکی، معاشی اور صنعتی شعبوں میں تعاون کریں گے، سی پیک منصوبہ پاکستان پر چین کے اعتماد کا مظہر ہے۔ انہوں نے کہا سی پیک کے متعلق تحفظات دور کرنے کے لیے تیار ہیں، سی پیک روڈ اینڈ بیلٹ کے بڑے منصوبے کا حصہ ہے، سی پیک صرف چین نہیں، پاکستان کے لیے بھی فائدہ مند ہے۔