بیجنگ (سچ نیوز)نجی ائیر لائنز کی بدانتظامی کی وجہ سے 300 سے زائد پاکستانی مسافر چین میں پھنس کر رہ گئے ہیں جبکہ چیف جسٹس نے واقعہ کا نوٹس لیکر رپورٹ طلب کرلی ہے ۔جیونیوز کے مطابق شاہین ایئرلائن نے 29 جولائی کو گانگزو سے وطن واپسی کی فلائٹ اچانک منسوخ کردی جس کے بعد ویزے کی معیاد ختم ہونے کی وجہ سے چینی پولیس نے گانگزو میں پھنسے کچھ پاکستانیوں کو حراست میں لے لیا۔آئندہ چند روز میں مزید پاکستانیوں کے ویزے بھی ختم ہونے پر گرفتاری اور جرمانے کا سامنا کرنا ہوگا۔ مسافروں کا کہناہے کہ ایئرلائن کی ہیلپ لائن سے بھی مسافروں کی کوئی مدد نہیں کی جارہی۔مسافروں نے حکومت پاکستان سے مدد کی اپیل کی ہے۔ مسافروں میں سے اکثر کا تعلق بلوچستان کے علاقے چمن سے ہے۔ایک مسافر پاکستانی مسافر احمد اللہ کا کہنا تھا کہ شاہین ایئر نے بغیر بتائے پرواز منسوخ کردی۔احمد اللہ نے کہا کہ ہمارے پاس پیسے بھی نہیں ہیں،اب پاکستان کیسے جائیں؟دوسری جانب ترجمان شاہین ایئر کی جانب سے جاری بیان میں چین میں ویزا ختم ہونے پر مسافروں کی گرفتاری کی خبروں کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا گیا ہے چین میں کسی مسافر کو گرفتاری نہیں کیا گیا۔ترجمان کے مطابق 29 جولائی کو فلائٹ این ایل 891 کو ری شیڈول کیا تھا اور 29 جولائی سے مسافروں کو رہائش اور کھانے کی سہولیات دے رہے ہیں۔ فلائٹ این ایل 891 چین کے وقت کے مطابق کل رات 10 بجے روانہ ہو گی، فلائٹ نہ آئی تو متبادل فلائٹ سے مسافروں کو لایا جائےگا۔