اسلام آباد(سچ نیوز)پاکستان تحریک انصاف کے نامزد گورنر پنجاب چوہدری سرور نے کہا کہ عارف علوی بہت آسانی سے صدارتی الیکشن جیتیں گے کیوں کہ پوری پارٹی عارف علوی کی انتخابی مہم چلا رہی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے نامزد گورنر پنجاب چوہدری سرور نے دعویٰ کیا ہے کہ 4 ستمبر کو ہونے والے صدارتی الیکشن میں پاکستان تحریک انصاف کے عارف علوی صدر پاکستان ہوں گے،عارف علوی نے22 سال عمران خان کے ساتھ جدوجہد کی، تحریک انصاف عارف علوی کی انتخابی مہم چلا رہی ہے وہ پاکستان کیلئے بہترین صدرثابت ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کے پہلے احتجاج سے ہی پتا چل گیا تھا کہ اپوزیشن متحد نہیں،اپوزیشن کے پہلے احتجاج میں نہ زرداری صاحب تھے نہ شہبازشریف تھے،اپوزیشن میں نظریے کی بنیادپراتحادہوتاہے،تمام پارٹیوں کے الگ مقاصد،منشورہیں،اپناامیدوارلانا اپوزیشن کاحق ہے،ہم ان سے حق نہیں چھین سکتے ۔
نامزد گورنر پنجاب نے مزید کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے انتخابات میں تمام صوبوں کواہمیت دی، پاکستان تحریک انصاف میں صرف اشرافیہ کوعہدے نہیں دیئے جاتے،تحریک انصاف نے صدرکے عہدے کے لیے سندھ سے امیدوارچنا،سپیکر قومی اسمبلی کے لیے خیبرپختون خوا سے امیدوارچنا ،ڈپٹی اسپیکرکے لیے بلوچستان سے امیدوارچنا گیا۔