ملتان: (سچ نیوز) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے واضح کیا ہے کہ عافیہ صدیقی یا شکیل آفریدی جیسے معاملات میں سودا بازی نہیں ہو گی، انکا کہنا تھا کہ عافیہ صدیقی کی اگر باقی سزا پاکستان میں پوری ہو تو ان کی فیملی کو سہولت مل جائے گی۔
وزیر خارجہ شاہ محمود نے کہا پاکستان کو نشانہ بنا کر بھارتی سیاست دان اگلے سال الیکشن جیتنا چاہتے ہیں، مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فائرنگ کی مذمت کرتے ہیں، ہماری خواہش بھی اور کوشش بھی ہے کے افغانستان میں امن ہو۔
ملتان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ چوہدری سرور والا واقعہ میرے علم میں نہیں ہے جس بات کا مجھے معلوم ہی نہیں میں اس پر کیسے بات کروں، بھارتی سیاست دان اگلے سال کا الیکشن پاکستان کو نشانہ بنا کر جیتنا چاہتے ہیں، مقبوضہ کشمیر کی صورت حال کو لوگ اچھی طرح جانتے ہیں ۔
انکا کہنا تھا کہ ہم کوشش کر رہے ہیں امن میں خطے کی دیگر قوتوں کو ساتھ ملایں، روس بھی خطے کا ایک اہم ملک ہے، ہماری خواہش ہے کہ ہماری قوم کی بیٹی ڈاکٹر عافیہ گھر پہنچ جائے، ہماری امریکی حکام سے بات چیت چل رہی ہے کہ ڈاکٹر عافیہ کو ہمارے حوالے کر دیا جائے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ شکیل افریدی کی رہائی کے بدلے عافیہ صدیقی کی رہائی کی کوئی بات نہیں ہوئی، پیپلز پارٹی اور ن لیگ سے گزارش ہے اپنی ذات سے ہٹ کر خطے کے متعلق سوچیں۔