اسلام آباد:(سچ نیوز) پولیس سروس آف پاکستان گریڈ 21 کے افسر عامر ذوالفقار خان کو آئی جی اسلام آباد تعینات کردیا گیا۔
پولیس سروس پاکستان گریڈ 21 کے عامر ذوالفقار خان کو نیا آئی جی اسلام آباد تعینات کردیا گیا ہے جس کا باضابطہ نوٹی فکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔
عامر ذوالفقار خان اس سے قبل اسٹیبلشمنٹ ڈویژن میں او ایس ڈی تھے اور نگران حکومت کے دوران آئی جی موٹر وے کے طور پر خدمات سر انجام دے چکے ہیں۔
قبل ازیں چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے آئی جی اسلام آباد کے تبادلے پر لیے گئے از خود نوٹس کی سماعت کی تھی۔
دوران سماعت جان محمد نے اپنے عہدے پر کام جاری رکھنے سے معذرت کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ ان حالات میں کام نہیں کرسکتے اس لیے عدالت سے استدعا ہے کہ تبادلے کے احکامات پر عمل کرنے کی اجازت دی جائے۔ جس پر سپریم کورٹ نے جان محمد کے تبادلے کے نوٹی فکیشن کی معطلی کا حکم واپس لے لیا تھا۔