کراچی (سچ نیوز )تحریک انصاف کے رہنما اور رکن قومی اسمبلی فیصل واڈا نے بھی عامر لیاقت کو دبے الفاظ میں تنقید کا نشانہ بنا دیا ۔نجی نیوز چینل سما نیوز پر عامر لیاقت نے عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ بار بار بلانے پر بھی مزار قائد پر حاضری دینے نہیں آرہے ،وزیراعظم عمران خان کا ہیلی کاپٹر عشق کی اڑان بھرتا ہے ۔اس پر فیصل واڈا نے کہا کہ عامر لیاقت نے جب کبھی کھانا نہ کھا یا ہو یا ان کی نیند پوری نہ ہو تو وہ ایسی باتیں کرنا شروع کردیتے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ عامر لیاقت میرے بھائی ہیں ،وہ اکثر جذباتی ہو جاتے ہیں ،ہم ان کا منا لیں گے ۔
اس سے قبل تحریک انصاف کے ایم این اے اور مشہور ٹی وی اینکر ڈاکٹر عامر لیاقت حسین نے علمِ بغاوت بلند کرتے ہوئے کہاتھا کہ تحریک انصاف میں طوفان اٹھ رہاہے ،عمران خان بار بار بلانے کے باوجود کراچی نہیں آرہے ،اتنے کم خرچ میں ہیلی کاپٹر آئل سے نہیں چلتا بلکہ ” عشق کی اڑان“ سے اڑتاہے۔نجی ٹی وی چینل ”سمانیوز“ کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر عامر لیاقت نے کہا تھاکہ کراچی میں ووٹ عمران خان کے نام پر نہیں پڑا،عمران خان باربار بلانے کے باوجو کراچی میں نہیں آرہے اور میری بات کا جواب نہیں دے رہے ،تحریک انصاف میں طوفان اٹھ رہاہے۔ انہوں نے کہا کہ میں قومی اسمبلی میں عمران خان کے کہنے پر آصف زرداری کے پاس گیا تھا ،عمران خان نے مجھے کہا تھا کہ میں آصف زرداری کے پاس جاوں اور ان سے اپوزیشن کے احتجاج میں حصہ نہ لینے کا کہوں۔