کراچی: (سچ نیوز) پیپلز پارٹی کے سیکریٹری اطلاعات مولا بخش چانڈیو نے کہا ہے کہ عمران خان جمہوریت کو اندر سے کھوکھلا کرکے شخصی آمریت اور طاقت کی خاطر جمہوری اداروں اور پارلیمنٹ کو کمزور کر رہے ہیں۔
مولا بخش چانڈیو کا کہنا تھا کہ عمران خان مخصوص مفادات کا تحفظ کرنے والے گروہ کے نمائندے ہیں۔ پارلیمانی کمیٹیوں کے اجلاس روکنا دراصل پارلیمنٹ کو غیر فعال بنانا ہے۔ ان میں ایک فیصد بھی جمہوریت پسندی ہوتی تو وہ ایسے اقدام نہ کرتے۔
ان کا کہنا تھا کہ جو کام آمر نہیں کر پائے، وہ جمہوریت کے لبادے میں آیا سیلیکٹڈ وزیراعظم کر رہا ہے۔ اس جمہوریت میں ہماری قیادت اور ہزاروں جمہوریت پسند کارکنوں کا خون شامل ہے۔ کسی کے مخصوص مفادات کی خاطر جمہوریت اور جمہوری اداروں کو کمزور نہیں ہونے دیںگے۔