لاہور (سچ نیوز)معروف گلوکار و تحریک انصاف کے رہنما ابرار الحق نے کہا ہے کہ عمران خان دلیر اور ایماندار آدمی ہے وہ خدا کے علاوہ کسی سے نہیں ڈرتے ،ہماری جماعت نے انصاف کا نظریہ پیش کیا ہے آج ہماری مرکز سمیت 3صوبوں میں حکومت ہے ،تحریک انصاف کی حکومت کیخلاف بیان بازی کرنے والے ملک کے خیر خواہ نہیں ۔ تفصیلات کے مطابق ایک انٹر ویو کے دوران ابرار الحق کا کہناتھا کہ میں نے نارووال کے حلقہ میں نے 88ہزار 250ووٹ لیے ہیں اور ہارنے کے باوجود اسکو میں اپنی ناکامی نہیں سمجھتا ،میں جیتنے والے امیدوار کے خلاف درخواست دائر کررکھی ہے اور معاملہ عدالت میں ہے اسی لیے میں اس پر زیادہ اور کچھ نہیں کہہ سکتا لیکن چند دنوں میں سب کچھ واضح ہو جائے گا ۔ انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ میں ادبی لوگوں کے ساتھ نشستیں کیا کرتا تھا اور معروف ڈرامہ رائٹر بابا اشفاق احمد کے ساتھ میری زیادہ ملاقاتیں ہوتی تھیں ،ایک دن انکے ساتھ مولانا طارق جمیل کے پاس گیا اور دونوں کے درمیان جو گفتگو ہوئی وہ ایک طالبعلم کی حیثیت سے سنتا رہا ،دونوں میں کسی مسئلے پر اختلاف تھا اور وہیں بیٹھے بیٹھے میری ذہن میں ’’تیرے رنگ رنگ تیرے رنگ رنگ ‘‘ کا کلام آیا جس کو گانے کے بعد مجھے مزید شہرت ملی ۔