لاہور(سچ نیوز) تجزیہ کار کامران خان نے کہاہے کہ وزیر اعظم عمران خان کے دورہ پاکستان سے عوام کو جو توقعات تھیں وہ پوری نہیں ہوسکیں ،عمران خان قوم کیلئے چائنہ سے کوئی پیکج لانے میں کامیاب نہیں ہوسکے ۔دنیا نیوز کے پروگرام ”دنیا کامران خان کے ساتھ“ میں گفتگو کرتے ہوئے تجزیہ کار کامران خان نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کے دورہ چین سے عوام کوجوتوقعات تھیں وہ پوری نہیں ہوسکیں، وزیراعظم اس حوالے سے قوم کیلئے چائنہ سے کوئی پیکج نہیں لا سکے ، اس حوالے سے وزیر اعظم عمران خان نے خود توقعات کا اظہار کیا تھا ، ان کو امیدتھی کہ جس طرح سعودی عرب سے ایک پیکج ملا ہے اس طرح کا کوئی پیکج چائنہ سے بھی مل جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کے کچھ سرکردہ لوگوں کو امید تھی کہ چائنہ سے کوئی بڑا پیکج ملے گا ، اس سے عوام کو توقعات پیدا ہوگئی تھیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کے دورہ چین سے کچھ معاہدوں پر دستخط ضرور ہوئے ہیں لیکن خالی ہاتھ لوٹنے سے ظاہر ہورہاہے کہ چینی حکومت نے پاکستانی حکومت کوتھوڑی سی یاددہانی کروائی ہے اورپاکستان کووہ تجارتی سہولت فراہم کرنے پر بھی کوئی پیش رفت نہیں کی گئی جوچائنہ نے بنگلہ دیش یا آسیان کوفراہم کی ہوئی ہے ۔