بیجنگ(سچ نیوز)چین کی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان کا دورہ دونوں ممالک کے رہنماؤں کو نئے حالات میں ترقی کے دو طرفہ تعلقات کا ایک نیا باب کھولنے کیلئے موقع فراہم کرے گا۔ترجمان چینی محکمہ خارجہ لو کینگ نے ہفتہ وار پریس بریفنگ کے دوران کہا کہ عمران خان شنگھائی میں ہونے والے چائنا انٹرنیشنل امپورٹ ایکسپو (سی آئی آئی ای) میں بھی شرکت کریں گے۔ان کا کہنا تھا کہ عمران خان اپنے دورے میں صدر شی جن پنگ اور وزیراعظم لی کی چیانگ سے بھی تبادلہ خیال کریں گے۔ترجمان نے کہا کہ دونوں ممالک باہمی تعلقات، تعاون اور مشترکہ مفادات کے معاملات پر مفصل بات کریں گے۔پاکستان ’’ سی آئی آئی سی‘‘ میں بحیثیت مہمان خصوصی شرکت کرے گا او عمران خان امپورٹ ایکسپو کی افتتاحی تقریب میں شریک ہوں گے جہاں وہ ایک اہم خطاب بھی کریں گے۔رپورٹ کے مطابق چینی وزارت خارجہ کے ترجمان نے اعتماد کا اظہار کیا کہ چین اور پاکستان کے تعلقات پر عالمی اور مقامی صورت حال میں آنے والی تبدیلیوں کا اثر نہیں پڑے گا۔واضح رہے کہ وزیر اعظم عمران خان اپنے چینی ہم منصب لی کی چیانگ اور صدر شی جن پنگ کی دعوت پر 2 نومبر کو چین کا دورہ کریں گے۔