نئی دہلی(سچ نیوز) وزیراعظم عمران خان کے امریکہ کا دورہ مکمل کرکے وطن واپس پہنچتے ہی امریکہ کی طرف سے اہم ترین ہتھیار بھارت کے سپرد کر دیا گیا ہے۔ ٹائمز آف انڈیا کے مطابق بھارت نے امریکہ کے ساتھ 22اپاچی گارڈین اٹیک ہیلی کاپٹرز خریدنے کا معاہدہ کر رکھا تھا۔ گزشتہ روز 22میں سے پہلے 4ہیلی کاپٹر نئی دہلی کے مضافات میں واقع بھارتی فوج کی ہندن ایئربیس پر پہنچا دیئے گئے ہیں۔رپورٹ کے مطابق اپاچی گارڈین اٹیک ہیلی کاپٹرز کو ’فضاءمیں ٹینک‘ (Tanks in the air)بھی کہا جاتا ہے کیونکہ یہ سب سے خطرناک حملہ آور ہیلی کاپٹر ہیں۔ ان میں تباہ کن میزائل اور راکٹ نصب کیے جا سکتے ہیں۔یہ ہیلی کاپٹر ایک ہیوی لفٹ ایئرکرافٹ کے ذریعے امریکہ سے نئی دہلی پہنچائے گئے۔ آئندہ ہفتے 4مزید ہیلی کاپٹر بھارت کے حوالے کیے جائیں گے اور تمام 22ہیلی کاپٹرز مارچ 2020ءتک بھارت کو دے دیئے جائیں گے۔ یہ 13ہزار 952کروڑ بھارتی روپے کا معاہدہ ستمبر 2015ءمیں ہوا تھا۔