اسلام آباد: (سچ نیوز) سابق صدر پرویز مشرف نے غداری کیس میں کمیشن کے بیرون ملک آ کر بیان قلمبند کرنے کا خصوصی عدالت کا حکمنامہ اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیلنج کر دیا ہے۔
سابق صدر پرویز مشرف نے 15 اکتوبر کو خصوصی عدالت کی جانب سے جاری حکمنامہ اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کیا ہے۔ پرویز مشرف کی جانب سے بیرسٹر سلمان صفدر کے ذریعے درخواست دائر کی گئی۔
درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ خصوصی عدالت نے کمیشن کو بیرون ملک جا کر پرویز مشرف کا 342 کا بیان ریکارڈ کرنے کا حکم دیا، خصوصی عدالت کا بیان ریکارڈ کرنے کے لئے کمیشن کا قیام غیر قانونی ہے۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ قانون کے مطابق فیصلے سے درخواست گزار کے حقوق متاثر ہو رہے ہیں، خصوصی عدالت کے حکم نامے کی نظیر پاکستان کی تاریخ میں نہیں ملتی، خصوصی عدالت کے حکم نامے کو غیر آئینی قرار دے کر کالعدم قرار دیاجائے۔
درخواست میں سیکریٹری قانون و انصاف، سیکریٹری داخلہ اور رجسٹرار فیڈرل شریعت کورٹ کو فریق بنایا گیا ہے۔