اسلام آباد: (سچ نیوز ) شاہ محمود قریشی اپوزیشن کو منا کر ایوان میں لے آئے، اپوزیشن لیڈر شہباز شریف اور آصف علی زرداری کی ایک ساتھ آمد، ارکان نے ڈیسک بجا کر استقبال کیا۔
اس موقع پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ اپوزیشن ایوان میں واپس آ گئی، میں ان کا شکر گزار ہوں کہ انہوں نے میری درخواست پر بائیکاٹ ختم کیا۔
اس سے قبل اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کو تاخیر سے لانے پر مسلم لیگ ن نے قومی اسمبلی اجلاس سے واک آؤٹ کر دیا تھا، اس موقع پر پیپلز پارٹی اور دیگر اپوزیشن جماعتوں نے بھی ساتھ دیا۔
ایوان میں اظہار خیال کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ شہباز شریف کے اسمبلی آنے پر حکومت کو کوئی اعتراض نہیں، حکومت اور اپوزیشن گاڑی کے دو پہیے ہیں، اپوزیشن ذمہ داری کا ثبوت دے۔
اس سے پہلے پارلیمنٹ بلڈنگ پہنچنے پر شہباز شریف نے شکوہ کیا کہ نیب حکام تو انہیں اسمبلی اجلاس میں شرکت کیلئے لانا ہی نہیں چاہتے تھے، ان کے زور دینے پر اسلام آباد لایا گیا۔
نیب کے حوالے سے مبینہ انتقامی کارروائیوں کے سوال پر شہباز شریف بولے میڈیا والے بہتر سمجھتے ہیں کہ کیا ہو رہا ہے، اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی آمد کے بعد سیدھے اپنے چیمبر پہنچ گئے۔