لاہور: (سچ نیوز) لاہور کے علاقے شیرا کوٹ میں 5 سالہ بچہ مین ہول میں گر کر جان کی بازی ہار گیا۔ ریسکیو ٹیموں نے 4 گھنٹے کی امدادی کارروائیوں کے بعد لاش نکال لی۔ دوسری جانب ایم ڈی واسا نے واقعہ کی تحقیقات کیلئے کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔
پانچ سالہ ریحان کے مین ہول میں گرنے کا افسوسناک واقعہ الخیام روڈ شیرا کوٹ میں پیش آیا۔ سی سی ٹی وی فوٹیج میں گٹر کا ڈھکن ایک طرف پڑا دیکھا جا سکتا ہے، اسی دوران 5 سالہ ریحان گزرتے ہوئے گر گیا۔
اطلاع ملنے پر امدادی ٹیمیں اور پولیس موقع پر پہنچ گئی۔ جنہوں نے 6 گھنٹے کی امدادی کارروائیوں کے بعد بچے کی لاش مین ہول سے نکال لی۔
اہل علاقہ نے واقعہ کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے ملوث افراد کے خلاف قانونی کارروائی کا مطالبہ کیا۔
ایم ڈی واسا کا کہنا ہے کہ گٹر کا ڈھکن تنور مالک غلام مصطفیٰ نے اٹھایا، ڈھکن اٹھانے کے بعد دوبارہ مین ہول کے اوپر نہیں رکھا گیا جس کی وجہ سے یہ افسوسناک واقعہ پیش آیا۔
اس کے خلاف تھانہ شیرا کوٹ میں اندراج مقدمہ کی درخواست دے دی گئی ہے۔ تاہم ایم ڈی واسا زاہد عزیز نے تحقیقات کے لئے کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔ ڈائریکٹر پی اینڈ ای عثمان بابر انکوائری رپورٹ ایم ڈی واسا کو پیش کریں گے۔