اسلام آباد(سچ نیوز)مکہ مکرمہ کی فضائیں لبیک اللہم لبیک،لا شریک لک لبیک کی صداؤں سے گونجبے لگیں،مناسک حج کی ادائیگی کے لیے ایک لاکھ 83 ہزار 970 پاکستانی عازمین حج سعودی عرب پہنچ چکے ہیں جبکہ دنیا بھر سے سعودی عرب پہنچنے والے عازمین حج لبیک اللہم لبیک،لا شریک لک لبیک کی صدائیں لگاتےمنیٰ روانہ ہو رہے ہیں،عازمین 19 اگست 8 ذوالحجہ کو منیٰ میں قیام کریں گے،دوسری طرف سعودی محکمہ پاسپورٹ نے حج قوانین کی خلاف ورزی پر 5مقامی شہریوں اور ایک مقیم غیر ملکی کو قید ، جرمانے ، تشہیر اور بیدخلی کی سزا سنا دی ہے ۔نجی ٹی وی کے مطابق پاکستان کی سرکاری سکیم کے تحت ایک لاکھ 7 ہزار 351 عازمین حج مکہ مکرمہ پہنچے اور نجی سکیم کے تحت 76 ہزار 619 عازمینِ حج سعودی عرب پہنچے ہیں جبکہ مقامی اور پاکستان سے آئے ہوئے معاونین کی تعداد 2 ہزار 840 ہے۔زائرینکے قافلے مدینہ منورہ سے حج کیلئے مکہ مکرمہ روانہ ہونے لگے ہیں۔ ہفتے کی رات سے ہی عازمین حج کے قافلے منیٰ کی طرف روانہ ہونا شروع ہوگئے ہیں جہاں وہ کل ( اتوار کو) ظہر ، عصر، مغرب، عشاءاور فجر کی نمازیں ادا کرینگے اور پیر کو وقوفہ عرفہ کرینگے،مکہ مکرمہ کی فضائیں لبیک اللہم لبیک،لا شریک لک لبیک کی صداؤں سے گونجبے لگی ہیں۔ذرائع کے مطابق ایک ہزار 802 عازمین حج کا گم شدہ سامان تلاش کر کے ان کے حوالے کیا گیا جبکہ راستہ بھولنے والے 228 عازمین حج کو ان کی رہائش گاہ تک پہنچایا گیا، اس طرح حرم گائیڈز نے حرم میں 2 ہزار 935 عازمین کی رہنمائی کی۔سعودی عرب میں 388 حج کمپنیوں کی مانیٹرنگ مکمل ہو چکی ہے جبکہ سہولتوں کے جائزے کیلئے 89 سرکاری رہائش گاہوں کی بھی مانیٹرنگ کی گئی۔ سعودی عرب میں پاکستانی ہیلپ لائن کے ذریعے رہنمائی کیلئے ایک ہزار 729 کالز موصول ہوئیں جبکہ موصول ہونے والی دیگر 740 ٹیلی فون کالز میں سے 558 شکایات کا ازالہ کیا گیا اور 60 پر کام جاری ہے۔اسی طرح پاکستانی ہیلپ لائن پر کھانے سے متعلق موصول ہونے والی 116 شکایات میں سے 113 کا ازالہ کیا گیا جبکہ 551 ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل اسٹاف عازمینِ حج کی طبی سہولیات کیلئے ہمہ وقت موجود رہے جبکہ پاکستان حج میڈیکل مشن او پی ڈی میں ڈیڑھ لاکھ سے زائد مریضوں کو چیک کیا گیا۔جدہ، مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں 2 بڑے اسپتال، 16 ڈسپنسریاں کام کر رہی ہیں اور اب تک 933 عازمینِ حج کو ویل چیئرز کا اجرا کیا جا چکا ہے جبکہ ایک عازم حج ٹریفک حادثے اور 23 عازمین کی طبعی اموات ہوئی ہیں، مختلف حادثات میں زخمی 12 عازمینِ حج کو بھی طبی سہولتیں مہیا کی گئیں۔دوسری طرف وزارت صحت سعودی عرف کی جانب سے حجاج کےلئے آگاہی مہم شروع کر دی گئی ، مشاعر مقدسہ اور مکہ مکرمہ میں احتیاطی تدابیر پر مبنی بینر آویزاں کر دیئے گئے ہیں۔ سعودی وزارت صحت کی جانب سے ’’ حج صحت کے ساتھ ‘‘ سلوگن کے تحت آگاہی مہم شروع کی گئی ہے ۔ تصویری بینرمیں دھوپ سے بچاﺅ اور غیر معیاری اشیاءکھانے سے اجتناب برتنے کی ہدایت کی گئی ہے ۔ اس ضمن میں وزارت صحت کی جانب سے مختلف ہینڈبلز بھی تیار کئے گئے ہیں جن پر حجاج کرام کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ صفائی کا خاص خیال رکھیں،دھوپ میں زیادہ دیر قیام نہ کریں ،خیموں سے باہر نکلتے وقت چھتری کا استعمال لازمی کریں اور خوانچہ فروشوں سے غیر معیاری کھانا نہ کھائیں تاکہ کسی قسم مرض میں مبتلا نہ ہوں۔