راولپنڈی: (سچ نیوز) پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے لائن آف کنٹرول کا دورہ کیا جہاں جنرل آفیسر کمانڈنگ نے انہیں لائن آف کنٹرول کی صورتحال پر بریفنگ دی۔
آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے لائن آف کنٹرول کا دورہ کیا، انہوں نے مسلح افواج کے بلند مورال اور بھرپور تیاری کی تعریف کی، جنرل قمر جاوید باجوہ کا اس موقع پر جوانوں سے خطاب میں کہنا تھا کہ مادر وطن کے دفاع کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں، بھارتی فوجی قیادت کے بیانات اشتعال انگیز ہیں، بیانات سے جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزیوں میں اضافہ ہو گیا ہے، بہتر ہو گا مذاکرات کے ذریعے امن اور ترقی کے راستے پر چلا جائے۔
اس موقع پر آرمی چیف نے بھارتی فورسز کا نشانہ بننے والی کشمیری آبادی کی قربانیوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ ہم سخت جان اور پیشہ ورانہ فوج ہیں اور پاک فوج وطن عزیز کا دفاع کرنے کیلئے ہردم تیار ہے۔