کراچی: (سچ نیوز) ایم کیو ایم رہنما خواجہ اظہار کا کہنا ہے متحدہ بانی کے اختیارات کسی کو نہیں ملیں گے، پارٹی میں سب لوگ کارکن ہیں، جو نام اور نشان تھامے گا وہ سپہ سالار ہوگا۔
خواجہ اظہار نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا خالد مقبول صدیقی ایم کیو ایم کے سپہ سالار ہیں، فاروق ستار 2017 میں جمع کروایا گیا انکم ٹیکس انٹرنِیٹ پر آن لائن کر دیں، میں نے حساب دینا شروع کیا تو بہت مشکل ہو جائے گی۔ انہوں نے کہا 22 اگست کی رات کا ہی حساب دیا تو بہت مشکل ہو جائے گی، کون ہیں فاروق بھائی؟ ہم کارکن ہیں۔
ایم کیو ایم رہنما نے مزید کہا الیکشن کے قریب فاروق ستار ایم کیو ایم کے نام اور نشان کو عدالت میں لے کر گئے، جس کی وجہ سے ایم کیوایم الیکشن سے باہر بھی ہوسکتی تھی، لوگوں کے پاس ایم کیو ایم کی شکست کی وجہ موجود ہے۔ انہوں نے کہا اس وقت ایم کیو ایم کے پاس 7 سیٹیں ہے جو 24 سے بھاری ہے، ایم کیو ایم 23 اگست کو سب نے مل کر بچائی ہے۔