رباط(سچ نیوز)مراکش سے سپین پہنچنے کی کوشش کے دوران 7 برس کی عمر کے2 بچے بحیرہ روم میں ڈوب کر ہلاک ہو گئے ۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق ایک ہسپانوی غیرسرکاری تنظیم کی جانب سے بتایا گیا کہ یہ بچے ایک ایسی کشتی میں سوار تھے، جو بحیرہء روم کی موجوں کا مقابلہ نہ کر سکی۔دوسری جانب مراکش کی شمالی سمندری حدود کے قریب تارکین وطن کی ایک کشتی ڈوبنے کے واقعے میں 16 مراکشی شہری لاپتہ ہو گئے ۔بین الاقوامی تنظیم برائے مہاجرت (آئی ایم او) کے مطابق رواں برس کے آغاز سے اب تک مراکش سے بحیرہء روم کے ذریعے سپین پہنچنے والے تارکین وطن کی مجموعی تعداد ساڑھے 42 ہزار کے قریب ہے جبکہ اس دوران 433 افراد راستے ہی میں مارے گئے۔اس عالمی تنظیم کے مطابق تارکین وطن کو پیش آنے والے حادثات میں سے زیادہ تر کی وجہ کشتیوں میں گنجائش سے زائد افراد کا بٹھایا جانا تھا۔ رواں برس اس راستے میں ہلاک ہونے والے تارکین وطن کی تعداد گزشتہ پورے سال میں ہونے والی ایسی ہلاکتوں کے مقابلے میں تین گنا زائد ہو چکی ہے۔ہسپانوی بحری ریسکیو سروس کے مطابق کشتی کو پیش آنے والے حادثے کے بعد 51 افراد کو بچایا گیا۔ اس کے علاوہ سمندر سے2بچوں کی لاشیں بھی نکال لی گئیں۔