اجمیر شریف(سچ نیوز)مقبوضہ کشمیر کے سابق کٹھ پتلی وزیراعلی ڈاکٹر فاروق عبداللہ نےمسئلہ کشمیر پر ہندوستانی وزیراعظم نریندر مودی کی کوششوں کو مثبت قرار دیتے ہوئے کہاکہ تنازعہ کشمیر حل کرنے کے لئے پاکستانی وزیر اعظم عمران خان اور نریندر مودی کو متحد ہو کر پہل کرنی چاہئے۔بھارتی نجی ٹی وی کے مطابق خواجہ معین الدین حسن چشتی کی درگاہ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر فاروق عبد اللہ کا کہنا تھا کہ مسئلہ کشمیر پر بھارتی وزیر اعؓظم نریندر مودی کے خیالات کا خیر مقدم کرتے ہیں،مسئلہ کشمیر پرپاکستان اور بھارت کے وزرائے اعظم کو پہل کرنی چاہئے،اگر دونوں وزرائے اعظم مل کر اس مسئلہ پر پہل کرتے ہیں تو ہم اس کا خیرمقدم کریں گے، کیونکہ جموں و کشمیر میں پھیلنے والی نفرت کی فضا ہندوستان کے لئے بڑا خطرہ ہے، جہاں تک جموں و کشمیرمیں ہونے والے حملوں کی بات ہےتو دنیا میں بندوقیں کہاں نہیں چل رہیں? لیکن ہمیں امن کی کوشش کرنی چاہئے۔ڈاکٹر فاروق عبد اللہ نے مقبوضہ وادی کے گورنر ست پال ملک کے ایک متنازعہ بیان پر کہاکہ اُن کا کام نفرت پھیلانا نہیں ہے بلکہ وادی کے سٹیک ہولڈرز کے ساتھ مل کر امن قائم کرنا ہے،گورنر جموں و کشمیر کو احتیاط سے بات کرنی چاہئے تاکہ تنازعہ نہ بڑھے۔