کراچی: (سچ نیوز) پاک سرزمین پارٹی کے چیئرمین مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ اٹھارویں ترامیم کا ہمیں کوئی فائدہ نہیں، اگراٹھارہ مرتبہ ترامیم کر چکے تو انیسویں مرتبہ بھی کرو۔
کراچی میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مصطفیٰ کمال نے اپنے مطالبات پیش کیے اور کیا کہ این ایف سی ایوارڈ کا پیسہ ڈسٹرکٹ اور شہروں تک جانا چاہیے۔ وزیر بلدیات کا عہدہ ختم کرو اور میئر کو سارے اختیارات دو۔ مقامی لوگوں کو سندھ پولیس میں نوکریاں دی جائیں، سفارشی ایس ایچ اوز لگائیں گے تو سٹریٹ کرائم کون روکے گا۔ ہائی ویز پر فوری طور پر ٹراما سینٹر بنائے جائیں۔ وزیراعظم نے پنجاب اور سندھ میں بلدیاتی نظام رائج کر دیا، سندھ اور بلوچستان کے لوگوں کو بھی بلدیاتی نظام دیں۔
مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ ایسا نظام بناؤ جس کو ہمارے ووٹ کی اہمیت کا اندازہ ہو، میں صدارتی نظام کی بات نہیں کر رہا، ہمارے مسائل حل کرو، ایسا نظام ہونا چاہیے جس میں چاروں صوبوں کی سیٹیں برابر ہونی چاہیں، سیٹیں برابر ہوں گی تو وزیراعظم ہمارے پاس بھی آئے گا۔
چیئرمین پاک سرزمین پارٹی کا کہنا تھا کہ اسمبلیوں میں بیٹھنے والے سندھ کی بات نہیں کر رہے، خدارا سندھ کی طرف توجہ دیں یہ پاکستان کا حصہ ہے۔