ممبئی (سچ نیوز) بھارتی ریاست تامل ناڈو میں بھگوان کا درجہ رکھنے والے میگا سٹار رجنی کانت یوں تو اپنی آنے والی فلم پوائنٹ ٹو زیرو اور سیاست کی وجہ سے خبروں میں ہیں۔تاہم ان کے حوالے سے تازہ خبر یہ ہے کہ ان کی چھوٹی بیٹی اور فلم ساز و اداکارہ 34 سالہ سندریا رجنی کانت جلد ہی دوسری شادی کرنے جا رہی ہیں۔جی ہاں، اطلاعات ہیں کہ گرافکس ڈیزائنر، فلم پروڈیوسر، ہدایت کار اور اداکارہ سندریا رجنی کانت طلاق کے ایک سال بعد ہی دوسری بار دلہن بننے کی تیاریوں میں مصروف ہیں۔اس سے زیادہ دلچسپ بات یہ ہے کہ وہ اس بار کسی غیر شادی شدہ نہیں بلکہ طلاق یافتہ مرد اور تامل اداکار وشاگن واننگ مودی سے شادی کرنے جا رہی ہیں۔ڈان نیوز کے مطابق اگرچہ اپنی شادی کے حوالے سے جوڑے نے تاحال خود کوئی تصدیق یا تردید نہیں کی، تاہم ان کے قریبی ذرائع کا دعویٰ ہے کہ دونوں جلد ہی شادی کے بندھن میں بندھنے والے ہیں۔رپورٹ کے مطابق دونوں نے کچھ دن قبل منگنی بھی کرلی اور اب آئندہ سال کے آغاز میں شادی کے بندھن میں بندھ جائیں گے۔رپورٹ میں بتایا گیا کہ دونوں کی منگنی رجنی کانت کے گھر میں ہوئی، جس میں دونوں خاندان کے قریبی افراد نے شرکت کی۔رپورٹ کے مطابق سندریا رجنی کانت اور وشاگن واننگ مودی تامل سال کے مہینے تھائی یعنی اگلے سال جنوری میں شادی کے بندھن میں بندھ جائیں گے۔ایشین ایج نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ یہ شادی پیار نہیں بلکہ خاندان کی مرضی کے مطابق ہو رہی ہے۔رپورٹ میں جوڑے کے قریبی ذرائع سے بتایا گیا کہ سندریا رجنی کانت کو وشاگن واننگ مودی کی چاچی نے اپنے بھتیجے کے لیے پسند کیا، جس کے بعد انہوں نے اداکارہ کے خاندان سے اس حوالے سے بات کی۔رپورٹ کے مطابق رجنی کانت کے خاندان کی جانب سے رشتے کے لیے گرین سگنل دیے جانے کے بعد اداکارہ اور اداکار نے پہلی روایتی ملاقات کی اور ایک دوسرے کو اپنے ماضی سے متعلق آگاہ کیا۔خاندان کے بڑوں کی رضامندی اور جوڑے کی ملاقات کے بعد گزشتہ ہفتے ہی دونوں کی منگنی کرلی گئی اور اب جنوری 2019 میں ان کی شادی کا امکان ہے۔خیال رہے کہ سندریا رجنی کانت کی یہ دوسری شادی ہوگی، انہوں نے پہلی شادی 2010 میں ایک کاروباری شخص سے کی تھی، جن سے انہوں نے 2017 میں طلاق لی۔سندریا رجنی کانت کو پہلے شوہر سے ایک 5 سال کا بیٹا بھی ہے۔سندریا اداکار رجنی کانت کی چھوٹی بیٹی ہیں، ان کی بڑی بہن 36 سالہ ایشوریا رجنی کانت دھنش بھی تامل فلم انڈسٹری کا حصہ ہیں۔انہوں نے بھی معروف تامل اداکار دھنش سے شادی کر رکھی ہے۔سندریا کے ہونے والے دوسرے شوہر وشاگن واننگ مودی بھی اگرچہ اداکار ہیں، تاہم وہ بھی کاروباری خاندان سے تعلق رکھتے ہیں اور اداکاری سے قبل کاروبار سے منسلک تھے۔وشاگن واننگ مودی کی بھی یہ دوسری شادی ہوگی، ان کی بھی پہلی شادی ناکام ہوئی تھی۔