نئی دہلی(سچ نیوز)ہندوستان کی سب سے بڑی اپوزیشن جماعت ’’کانگریس‘‘ نے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کی جانب سے جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت کو ختم کرنے کے اقدام کا پردہ چاک کرتے ہوئے کہا ہے کہ مودی حکومت نے جموں و کشمیر کے مسلم اکثریتی ریاست ہونے کی وجہ سے ہی آئین کے آرٹیکل 370کو ہٹایا ہے،ہم اس اقدام کی شدید مذمت کرتے ہیں۔بھارتی نجی ٹی وی کے مطابق کانگریس کےسینئر رہنما،سابق وزیر اور راجیہ سبھا کےممبر پی چدمبرم نےمقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کیےجانے کے بعد بی جے پی کی سازش سے پردہ اٹھاتے ہوئے کہا کہ اگر جموں و کشمیر میں ہندوؤں کی تعداد زیادہ ہوتی تو بھارتیہ جنتا پارٹی یہ قدم کبھی نہیں اٹھاتی،بھارت کی 70سال کی تاریخ میں کسی ریاست کے ٹکڑے کر مرکز کے زیر انتطام ریاست بنانے والا یہ واقعہ پہلے کبھی نہیں ہوا،ہمیں مودی سرکار کے اس فیصلے پر تحفظات ہیں، اس سے انتشار پھیلے گا، جموں و کشمیر کے حالات بے حد خراب ہیں،ریاست میں انٹرنیٹ سمیت تمام مواصلاتی ذرائع پر پابندی عائد کردی گئی ہے،جس سے صحیح اور حقیقی حالات کی اطلاع باہر نہیں آ رہی۔انہوں نے کہا کہ مودی حکومت کے اس اقدام پر اپوزیشن جماعتوں کے رویے کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ اگر ہندوستان کی اپوزیشن پارٹیاں اکٹھی ہوتیں تو راجیہ سبھا میں اکثریت نہ ہونے کے باوجود یہ بل کسی صورت منظور نہیں ہو سکتا تھا ۔بھارت میں کانگریس کے سینئر رہنما کے اس بیان پر ایک نئی بحث شروع ہو گئی ہے جبکہ بھارتیہ جنتا پارٹی نے بھی کانگریس کے خلاف بیانات داغنا شروع کر دیئے ہیں۔