اسلام آباد (سچ نیوز) عام انتخابات میں برتری حاصل کرنے پر بھارتی وزیراعظم نریندرا مودی نے عمران خان کو فون کر کے جیت کی مبارکباد دی اور کہا کہ پاکستان کیساتھ تعلقات کے نئے دور کے آغاز کیلئے تیار ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارتی وزیراعظم نریندرا مودی نے عمران خان کو ٹیلی فون کیا اور عام انتخابات میں جیت پر مبارکباد پیش کی۔نریندرا مودی نے عمران خان کیلئے نیک تمناﺅں کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں جمہوریت کی جڑیں مزید گہری ہوں گی جبکہ پاکستان کیساتھ تعلقات کے ایک نئے دور کیلئے تیار ہیں۔بھارتی وزیراعظم نے نئی حکومت کے ساتھ تعاون کا عزم ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ معاملات آگے بڑھانے کیلئے مشترکہ حکمت عملی اپنانا ہو گی۔
عمران خان نے نریندرا مودی کے موقف کی تائید کرتے ہوئے بات چیت کے ذریعے تنازعات حل کرنے کا عزم ظاہر کیا اور کہا کہ جنگوں سے تنازعات کا حل ممکن نہیں ہے۔ عمران خان نے کہا کہ جنگ، خونریزی سے تنازعات کے حل کے بجائے نئے تنازعات جنم لیتے ہیں جبکہ مشترکہ تدابیر سے ہی غربت کے بے رحم شکنجے سے نکلا جا سکتا ہے۔
تحریک انصاف کے ترجمان فواد چوہدری نے نریندرا مودی کے ٹیلی فون کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی وزیراعظم نے عمران خان کو مبارکباد دی ہے اور نئی حکومت کیساتھ تعاون کے عزم کا اظہار کیا ہے۔